وزیر اعلی کوئٹہ پیکج میں شامل سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر برہم

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، حکومت کے فنڈز اور وقت کا ضیاع کسی صورت قابل قبول نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر کوئٹہ عثمان علی خان نے اجلاس کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کو خطیر تخمینہ کے کوئٹہ پیکج سے شہر کی بہتری کے حوالے سے توقعات وابستہ ہیں اور یہ منصوبہ شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکج کی پروکیورمنٹ کمیٹی کے اراکین کے درمیان عدم ہم آہنگی اور بلاجواز اعتراضات کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے لہٰذا کمیٹی تمام امور کا از سرنو جائزہ لے کر فوری طور پر ٹینڈرنگ پراسس کو مکمل کرے، وزیراعلیٰ نے منصوبوں میں کنسلٹنسی اور کنٹیجنسی اخراجات کو بھی غیرمتناسب قراردیتے ہوئے کہا کہ کنسلٹنسی فرموں کی جانب سے اپنے مفاد میں منصوبوں کے ڈیزائن میں غیر ضروری تبدیلی کرکے ان کا تخمینہ بڑھایا جاتا ہے جس سے کنسلٹنسی فیس میں اضافہ ہوتا ہے اور منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی ادارے کو عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد میں تاخیر کے اسباب کا فوری طور پر خاتمہ کرتے ہوئے منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں