جعلی ڈومیسائل بنانے والے افسران کیخلاف موثر کا رروائی کی جائے،علی مددجتک

کو ئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر حاجی علی مدد جتک نے وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر دوسرے صوبوں سے جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتی ہونی والے ملازمین کی برطرفی کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے حقوق اور مفاد پر کوئی سودے بازی نہیں کرینگے، بلوچستان حکومت فوری طور پر وفاقی محکموں میں جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتی ہونیوالوں کو بر طرف کر دیں، وفاقی حکومت فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اورجعلی ڈومیسائل بنانے والے افسران کیخلاف بھی موثر کا رروائی کی جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں پورروزگار کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں اور وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر مقامی افراد کی بجائے غیر مقامی افراد کو بھرتی کیا جا رہا ہے اور ہزاروں روپے کے عیوض یہاں کے حکمران جعلی ڈومیسائل بنا کر یہاں کے عوام کی حق تلفی کر رہے ہیں جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دینگے پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں بلوچستان کے حقوق کے لئے بلوچستان پیکج کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو بھرتی کیا اور بے روزگار ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ہر ضلع سے جعلی ڈومیسائل کے ذریعے غیر مقامی افراد کو بھرتی کیا گیا ہے جس سے یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کی حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے بلوچستان کے نام پر سیاست کرنیوالے جماعتیں بھی اس معاملے پر خاموش ہیں وہ صرف اور صرف بلوچستان کا نام استعمال کر کے سیاست کرنا چا ہتے ہیں مگر 70سالوں کے دوران آج تک بلوچستان کے حقوق کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے حال ہی میں بجٹ سے قبل وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں نے اپنے مفادات کی خاطر علیحدگی کا اعلان کیا لیکن چند مراعات حاصل کرنے کے بعد وہ پھر وفاقی حکومت کے اتحادی بن گئے اب بلوچستان کے عوام باشعور ہو چکے ہیں وہ کبھی بھی ان سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے باتوں میں نہیں آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں