زائرین کو قرنطینہ میں رکھنے کے بعد اپنے علاقوں کو روانہ کیا جائے، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ

کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس نذیر احمد لانگو پرمشتمل بینچ نے کورونا وائرس سے پیشگی بچاؤ کیلئے صحت کے وفاقی وصوبائی محکموں سے وضاحت طلب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان،صحت کے وفاقی وصوبائی محکموں کے ذمہ داران ودیگر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نول کورونا وائرس کے تدارک پر خصوصی توجہ دیں اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔یہ حکم عدالت کے بینچ نے جمعرات کے روز سینئر قانون دان میر عطاء اللہ لانگو کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پردیا۔ آئینی درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فریق بنایاگیاتھا سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل غلام مصطفی بزدار،ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر ایڈووکیٹ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف ریکی،اکرم شاہ ایڈووکیٹ،نجم الدین مینگل،سلیم لاشاری ایڈووکیٹ، نصیربنگلزئی ایڈووکیٹ، ساجد ترین ایڈووکیٹ،علی احسن بگٹی ایڈووکیٹ، ملک حفیظ ایڈووکیٹ ودیگر بھی پیش ہوئے۔درخواست گزار میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے آئینی درخواست میں موقف اختیارکیاہے کہ کوئٹہ شہر میں نول کورونا وائرس سے متاثرہ اور مشتبہ افراد کو ٹی بی سینٹوریم اور شیخ زاہد ہسپتال میں قائم آئیسولیشن وارڈز میں رکھاجارہاہے مذکورہ ہسپتال کثیر الاآبادی علاقے میں واقع ہے جس سے اس مرض کے پھیلنے کے خدشات ہیں اس لئے آئیسولیشن وارڈز اور قرنطینہ سینٹرز کا قیام آبادی سے دور عمل میں لایاجاناچاہیے یا پھر تفتان سرحد کے قریب ہی اس سلسلے میں انتظامات کئے جانے چاہئیں وہی ایران سے آنے والے زائرین ودیگر کومقررہ مدت تک قرنطینہ میں رکھنے کے بعد انہیں اپنے آبائی علاقوں کوروانہ کیاجائے،آبادی والے علاقوں میں آئیسولیشن وارڈز اور قرنطینہ سینٹرز کے قیام سے لوگ تشویش میں مبتلا ہیں اور کل بھی اس سلسلے میں سڑک بلاک کئے گئے تھے بلکہ لوگ خوفزدہ ہے کہ باہر سے ہزاروں افراد کو لاکر یہاں قرنطینہ سینٹرز میں رکھاجائے گا۔عدالت عالیہ کے بینچ نے وزیراعظم پاکستان کو ہدایات جاری کی کہ نول کورونا کے مسئلے پر خصوصی توجہ دی جائے بلکہ دیگر صوبوں کو بھی مالی معاونت کی ہدایت کی گئی اور کہاگیاکہ وہ یہاں قرنطینہ سینٹرز کے قیام میں بھی معاونت کریں اور ایران سے آنے والے افراد کو قرنطینہ سینٹر میں رکھنے کے بعد اپنے علاقوں کو روانہ کیاجائے۔بینچ نے صوبائی حکومت کو نول کوروناوائرس سے پیشگی بچاؤ کیلئے اقدامات کرنے اور اس سلسلے میں عوامی سطح پر آگاہی مہم شروع کرنے، عوام کو نول کورونا سے پیشگی بچاؤ اور اس کے اثرات سے متعلق آگاہی دینے کی ہدایت کی گئی۔بینچ نے اگلی سماعت پر 16مارچ کو صحت کے وفاقی اور صوبائی محکموں سے اس سلسلے میں وضاحت طلب کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ نول کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں