تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں، آﺅ آج جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست ختم کردیں، مریم نواز شریف
قصور (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ تمام سروے یہ کہہ رہے کہ (ن) لیگ مقبولیت میں سب سے آگے ہے۔ قصور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قصور کے عوام کو دیکھ کر دل خوش ہوگیا ہے، قصور کے لوگ نواز شریف سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے انتخابی مہم کا آخری جلسہ قصور میں کیا، نواز شریف نے قصور میں انتخابی مہم کا آخری جلسہ کرکے محبت کاثبوت دیا ہے، میں قصور والوں سمیت پوری قوم کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مریم نواز نے بتایا کہ تمام سروے یہ کہہ رہے کہ (ن) لیگ مقبولیت میں سب سے آگے ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر ظلم و جبر کی ہر حد کو پھلانگا گیا تھا، کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے مگر آج سیاست نواز شریف سے شروع اور انہی پر ختم ہورہی ہے، ملک میں نواز شریف کے علاوہ کسی کی بات نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر نواز شریف پر ختم ہوتی ہے مگر (ن) لیگی قیادت نے مخالفین پر ذاتی تنقید نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ میں آج وعدہ کرتی ہوں کہ تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں، آﺅ آج جلاﺅ، گھیراﺅ کا دور ختم کر دیں۔


