بم دھماکہ قابل مذمت،بدامنی پھیلانے کا سبب ہے، آل پارٹیز کیچ
آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے تربت میں بم دھماکے کا واقعہ قابلِ مذمت اور بدامنی پھیلانے کا سبب ہے، تربت شہر کے عین وسط میں دھماکہ ہوا جس سے ایک شہری اپنی جان سے گیا اور 7 زخمی ہوئے جبکہ مقامی تاجر کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔آل پارٹیز کیچ اس طرح کے واقعات کو شرپسندی سے تعبیر کرتی ہے جس سے عوام کے جان و مال کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کیچ ایک بار بدامنی کی جانب جارہا ہے اور حالات سنگین تر ہوتے جارہے ہیں،جس سے خوف کا ایک ایسا ماحول جنم لے گا اور عوام کی زندگیاں اجیرن ہوں گی۔
ترجمان نے کہا کہ عوام اور کاروباری طبقے کے مفادات سے کھیلنے والے مجرم تصور کیے جائیں گے اور انہیں عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا. ترجمان نے بتایا کہ آل پارٹیز ہر مشکل وقت میں کیچ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مفادات پر ہونے والا کوئی اقدام برداشت نہیں کرے گی، ترجمان نے کہا واقعہ کے بعد انتظامیہ کی جانب سے بھی غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور آگ بجھانے میں تاخیر کی وجہ سے مالی نقصانات میں اضافہ ہوا۔ترجمان نے کہا کہ آل پارٹیز مطالبہ کرتی ہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والے شخص کے لواحقین اور دھماکے میں تباہ ہونے والی دوکانوں کو سرکاری سطح پر معاوضہ دیا جائے جبکہ زخمیوں کے علاج و معالجے کا بندوست بھی صوبائی حکومت کرے۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے