پی ٹی آئی کو روکنا آئین، قانون اور جمہوریت کے لئے ضروری ہے،رانا ثنا اللہ

اسلا م آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو روکنا آئین، قانون اور جمہوریت کے لئے ضروری ہے ، اعلیٰ عدالتوں میں جو کچھ ہو رہا ہے یہی مسئلہ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاناما میں نواز شریف کو نااہل کیا گیا، ملک معاشی طور پر مفلوج کیا گیا، یہ سب کس نے کیا؟ اسٹیبشلمنٹ نے بھی کیا، کندھا بانی پی ٹی آئی نے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی جماعت کے طور پر نہ حکومت میں رویہ اپنایا، نہ اپوزیشن میں، پی ٹی آئی کا رویہ سیاسی نہیں۔ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ کبھی شارٹ مارچ، کبھی لانگ مارچ، کبھی اسلام آباد کا گھیرائو، کبھی حکومت توڑ دی، پی ٹی آئی ملک میں انارکی، تشدد اور افراتفری چاہتی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو روکنا آئین، قانون اور جمہوریت کے لئے ضروری ہے، تحریک انصاف کسی کے وجود کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، اس کا رویہ قابلِ برداشت نہیں، یہ کسی طور پر جمہوری رویے پر نہیں آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں