فرانس،اٹلی اور سپین کی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس پر حملے کی مذمت
پیرس ،میڈرڈ(صباح نیوز)فرانس، اٹلی اور اسپین نے اسرائیل کی دفاعی افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کی امن فورس کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔یہ امن دستے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701کے تحت اسرائیل لبنان سرحد پر تعینات ہیں۔ مشترکہ بیان میں ان حملوں کو قرارداد 1701اور انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کہا گیا ہے۔فرانس، اٹلی اور اسپین نے اسرائیل کی دفاعی افواج کی جانب سے لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کو جسے یونی فل کے نام سے جانا جاتا ہے، ٹارگٹ بنانے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے حملے ناقابل جواز ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہم الناقورہ نامی قصبے میں کئی امن فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد ہم اپنے غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔ یہ حملے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701، اور انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیل کی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔بیان میں فوری جنگ بندی کے مطالبہ کے ساتھ یہ یاد دہانی کروائی گئی ہے کہ تمام امن فوجیوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے اور اس انتہائی چیلنجنگ صورتحال میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے فوجیوں اور اہلکاروں کے مسلسل اور ناگزیر عزم کے لیے ستائش کا اعادہ کیاگیا ہے۔اس سے قبل لبنان میں موجود اقوامِ متحدہ کے امن مشن (یو این آئی ایف آئی ایل)نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کی بعض تنصیبات اسرائیلی فوج کے حملوں کی زد میں آئی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان کے جنوب میں واقع علاقے ناقورہ میں امن فوج کی ایک چوکی پر اسرائیلی ٹینک نے براہ راست گولہ داغا ہے اور اس بنکر پر بھی اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا ہے جس میں امن فوج کے اہلکار کسی خطرے کی صورت میں پناہ لیتے ہیں۔بیان میں اسرائیلی فورسز پر اقوامِ متحدہ کی امن فوج کی گاڑیوں اور کمیونیکیشن کے آلات کو تباہ کرنے کے الزامات بھی عائد کئے گئے تھے۔اٹلی کے وزیرِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں میں امن فوج کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتا ل منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔اسرائیلی فورسز نے بھی تسلیم کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ان کی فائرنگ کی زد میں اقوامِ متحدہ کی امن فوج کا ایک اڈہ آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے امن دستوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کے بارے میں انتباہ کر دیا تھا۔


