شام میں خاموشی سے ایک نیا مرحلہ انجام پائے گا، ایردوان
دمشق (این این آئی)شام میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت اور انقرہ کی حمایت یافتہ ھیئہ تحریر الشام سمیت مسلح دھڑوں کے ہاتھوں حما شہر کے زوال کے موقع پر ترک ایوان صدر نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ایک نئے مرحلے کی بات کی ہے کہ شام میں خاموشی سے انتظام کیا جائے گا۔ ترک صدر نے اپنے شامی ہم منصب بشار الاسد سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شام کی صورت حال کا فوری طور پر سیاسی حل تلاش کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایردوان نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ایک فون کال کے دوران کہا کہ شام کی حکومت کو ایک جامع سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے فوری طور پر اپنے عوام کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ شام مزید عدم استحکام کا شکار نہ ہو۔ ایردوان کی سربراہی میں ترکیہ کی سلامتی کونسل کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دہشت گردی کو شام میں عدم استحکام کا فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔اس بیان میں مزید کہا گیا کہ شام میں ہونے والی پیش رفت نے حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان کسی سمجھوتے تک پہنچنے کی ضرورت کو ظاہر کردیا ہے۔ ہم شام کو تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔


