ایس بی کے ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کا بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان میں محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کے لیے ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں نے تقررناموں کے اجرا میں تاخیر کے خلاف منگل کو بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا ۔بلوچستان کے مختلف اضلاع سے کامیاب ہونے والے امیدوار احتجاج کے لیے کوئٹہ میں جمع ہوئے تھے ۔انھوں نے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے ریلی نکالی اور مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اسمبلی کے باہر پہنچے جہاں انھوں نے دھرنا دیا ۔ شدید سردی میں دھرنا رات گئے تک جاری رہا ۔دھرنے کے موقع پر تقرر نامے کے اجرا کے خلاف کامیاب امیدواروں کی احتجاجی تحریک کی سینٹرل کمیٹی کے رکن محمد اکرم نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی 9ہزار سے زائد خالی اسامیوں کے لیے فروی 2023میں امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اب 2سال کا عرصہ مکمل ہونے کو ہے لیکن حکومت کامیاب ہونے والے امیدواروں کے تقرری کے احکامات جاری نہیں کررہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اس وقت اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے 3ہزار سے زائد اسکول بند ہیں جبکہ موجودہ حکومت میں مزید اسکول بند ہوئے ہیں مگر اس کے باوجود مختلف حیلے بہانوں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کے تقرر ناموں کے اجرا میں تاخیر کی جارہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہزاروں کامیاب امیدوار تقرری کے منتظر ہیں لیکن اس کے برعکس موجودہ حکومت نے کنٹریکٹ پر اساتذہ کی بھرتی شروع کردی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ پاس کرنے والے ہزاروں امیدوار کے تقرر نامے جاری نہ کرنے ہونے کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوئے ۔ اسمبلی کے باہر احتجاج کی بازگشت بلوچستان اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں بھی سنائی دی ۔حزب اختلاف کے اراکین نے کہا کہ کامیاب ہونے والے ہزاروں امیدوار اسمبلی کے باہر احتجاج کررہے ہیں ۔ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کو بتایا کہ ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کی تقرری میں تاخیر مقدمہ بازی کی وجہ سے ہوئی ۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے 36میں سے 23اضلاع سے کامیاب امیدواروں کی فہرستیں آگئی ہیں جبکہ باقی اضلاع سے فہرستوں کا آنا باقی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب باقی اضلاع سے کامیاب امیدواروں کی فہرستیں آئیں گی تو ان کے تقرر نامے جاری کیئے جائیں گے ۔دھرنے کے شرکاء سے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر محمد یونس عزیز زہری، میر زابد علی ریکی، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمن اور سید ظفر آغا نے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو اسمبلی فلور پر اٹھایا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دھرنے کے شرکاء کے ساتھ ہیں رات گئے دھرنے کے شرکاء نے دھرنا ختم کرکے پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں