کوئٹہ، ہزارگنجی میں گیس لیکج دھماکہ،ماں اور بیٹی جاں بحق ،ایک بچہ زخمی
کوئٹہ(یو این اے ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی کلی خزان میں گیس لیکج کے باعث خوفناک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق حاجی دولت خان کی بہو اور ہمایوں خان کی اہلیہ اپنی بچی سمیت جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ ان کا ایک بچہ زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کا سماں ہے اور اہل محلہ گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی اور زخمی بچے کا والد کراچی سے کوئٹہ واپسی کے دوران راستے میں ہڑتال اور روڈ بندش کے باعث پھنس گیا، جس کی وجہ سے وہ بروقت اپنے گھر نہ پہنچ سکا۔ اہل خانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ گیس لیکج کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔


