ایران پر اسرائیلی جارحیت، او آئی سی اور یورپی یونین کی مذمت، عرب لیگ نے کشیدگی کم کر نے کی اپیل کردی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی ایران اور غزہ پر جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہرملک کواپنے دفاع کا حق حاصل ہے، ایران اسرائیل تنازع کا پرامن حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ دریں اثنا یورپی یونین نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کے معاملے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے یورپی یونین کے ساتھ کیے جانے معاہدوں کی شرائط پوری نہیں کرسکا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں کارروائیاں یورپی یونین کی انسانی حقوق سے جڑی لازمی شقوں کی خلاف ورزیاں ہیں اور یہ بات مختلف غیر جانبدار بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پیش کیے گئے حقائق کے بنیاد پر سامنے آئی۔ یہ خلاف ورزیاں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں خالصتاً انسانی حقوق کی فراہمی پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد کے معاملے میں سامنے آئی ہیں۔ یورپین یونین کے جانب سے اس معاملے میں خاص طور پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو امداد کی تقسیم کے دوران نشانہ بنایا۔ ایک سینئر سفارتکار کے مطابق ری ویو میں اشارہ دیا گیا ہے کہ اسرائیلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوتے ہوئے یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان ایسوسی ایشن اگریمنٹ کے آرٹیکل 2 مکمل پابندی نہیں کر رپا رہا۔ علاوہ ازیں استنبول میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس، اسرائیلی حملے کو علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیدیا، ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات بحال کرنے پر زور۔ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کی اپیل کردی۔ ترکیہ کی خبر ایجنسی ’انادولو‘ کے مطابق عرب لیگ نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور فوری طور پر عسکری کشیدگی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں