اوتھل، کوسٹ گارڈز کی گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو روندڈالا،ماں بیٹے سمیت 5افراد جاں بحق4 زخمی
اوتھل:اوتھل میں کوسٹ گارڈزکی گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا،ماں اوربیٹے سمیت 5افراد موقع پر جاں بحق،4کوسٹ گارڈز اہلکاروں سمیت 5افراد شدید زخمی،حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کی شام کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں لنڈاپل کے مقام پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی پراڈوگاڑی نے تین الگ الگ موٹرسائیکل سواروں کو ٹکرماردی جسکے نتیجے میں موٹرسائیکلوں پر سوار نور محمد ولد ابو آچرہ،عظیم اللہ ولد محمد ہاشم،غلام محمد ولد شفیع محمد،ممی زوجہ غلام محمد اوراسکا چار سالہ بیٹاغلام رسول موقع پرہی جاں بحق ہوگئے جبکہ پراڈو گاڑی میں سوار پاکستان کوسٹ گارڈز کے اہلکارجمعہ خان،شہزاد ولد فاروق،امتیاز ولد ذوالفقار علی،افضل ولد محمد یار اور ایک شہری عبدالغفور ولد اللہ بخش آچرہ شدید زخمی ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور نعشوں وزخمیوں کو فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچایا جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیاگیا،اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کوسٹ گارڈزکی گاڑی کے رفتار انتہائی تیز تھی جس بناء پر حادثہ پیش آگیا،اوتھل پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔


