نوجوانوں کو سمندری شعبے میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دلانے کیلئے گوادر پورٹ پر خصوصی تقریب

گوادر (این این آئی) وزارت سمندری امور کی جانب سے ”میری ٹائم ویک“کے سلسلے میں گوادر پورٹ پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کی طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ کی ہدایت پر وزارت کے احکامات کے تحت کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نوجوان نسل، خصوصاً طالبات، میں سمندری شعبے اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی ”بلیو اکانومی“ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔گوادر پرو کے مطابق شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نورالحق بلوچ نے کہا کہ سمندری صنعت میں نوجوانوں، بالخصوص خواتین کےلئے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اور طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ وہ ”بلیو اکانومی“کے اندر موجود بے شمار مواقع کو دریافت کریں۔انہوں نے کہا کہ سمندری شعبہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے، اور خواتین اس صنعت کے ذریعے ملک کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔طالبات کو گوادر پورٹ کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کرایا گیا، جن میں پورٹ کے آپریشنز، چائنا بزنس سینٹر (سی بی سی)، فری زون، اور ڈی سیلینیشن پلانٹ شامل تھے۔ انہیں پورٹ کے روزمرہ امور اور جاری تجارتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس سے انہوں نے پاکستان کی سمندری ترقی اور خطے میں گوادر کے بڑھتے ہوئے کردار کا قریب سے مشاہدہ کیا۔گوادر پرو کے مطابق یہ اقدام،میری ٹائم ویک 2025 کی قومی مہم کے تحت، نوجوان نسل کو گوادر کی آپریشنل ترقی سے لے کر ایک پائیدار ”بلیو اکانومی“کے فروغ تک، پاکستان کی قومی کوششوں کو اجاگر کرنے کے مقصد کےلئے ملک کے سمندری وسائل کی اسٹریٹجک اور معاشی اہمیت سے جوڑنے کے لیے منعقد کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں