ایرانی عوام اپنی آزادی کیلئے کھڑے ہوگئے، دنیا کے تمام رہنما ان کی حمایت میں کھل کر سامنے آئیں، رضا پہلوی
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سابق ولی عہد رضا پہلوی نے ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے مظاہروں پر اپنے پہلے ردعمل میں مظاہرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی بندش، مظاہرین پر تشدد اور ان کے آواز کو دبانے پر شدید تنقید کی ہے۔ رضا پہلوی نے اپنے ایکس اکاﺅنٹ پر پر لکھا کہ ایرانی عوام لاکھوں کی تعداد میں اپنی آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اس کے جواب میں ایرانی حکومت نے مکمل طور پر ذرائع مواصلات بند کر دیے ہیں، انٹرنیٹ منقطع کر دیا، لینڈ لائن فونز کو بند کر دیا اور ممکن ہے کہ سیٹلائٹ سگنلز کو بھی معطل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ایرانی حکومت کو جوابدہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پہلوی نے مغربی ممالک کے رہنماﺅں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یورپی رہنما، ان کی طرح اپنی خاموشی توڑیں اور ایرانی عوام کی حمایت میں کھل کر سامنے آئیں۔ میں دنیا کے تمام رہنماﺅں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دستیاب تکنیکی، مالی اور سفارتی وسائل استعمال کریں تاکہ ایرانی عوام سے رابطہ بحال کیا جا سکے، ان کی آواز سنی جائے اور ان کی خواہشات کو دیکھا جا سکے۔ میرے بہادر ہم وطنوں کی آواز کو خاموش نہ ہونے دیں۔


