تبدیلی سرکار نے سب سے زیادہ قرض لے لیا، شہبازشریف
اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی پھر بھی لوگ ایک وقت کی روٹی اور پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں۔ چینی سو روپے سے بھی منہگی ہوچکی۔ سرکاری اسپتالوں میں مفت دوائیں بند کر کے دواؤں کی قیمتیں بڑھا دیں۔
شہباز شریف اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی و دیگر سینئر قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہاکہ نوازشریف کے تیسرے دور میں کسی ایک منصوبے میں بھی ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ہوئی ہے۔ احتساب کے نام پر انتقام اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر سعودی عرب جیسے قریبی دوست کو بھی ناراض کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں،2 سال میں مہنگائی نے لوگوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے، چینی 100 روپے سے بھی اوپر چلی گئی ہے، جو اب امپورٹ کی جارہی ہے۔
ن لیگ کے 5 سال کا حساب دینے کو تیار ہوں، مفتاح اسماعیل
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ ہم یہاں خود نمائی کے لیے اکٹھے نہیں ہوئے ہیں، انہوں نے سی پیک کا مذاق اڑایا اور ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہ گورننس آتی ہے اور نہ ہی کوئی کام کرنا آتا ہے، تبدیلی سرکار میں سوائے دکھوں اور مشکلات کے کچھ نظر نہیں آتا، مہنگائی نے غریبوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف دور میں تاریخ ساز منصوبے لگائے گئے، جن کی 72 سالوں میں مثال نہیں ملتی، سکھر سے اسلام آباد تک موٹروے پر سفر کرنے والوں نے بتایا کہ یہ تو ہوائی جہاز سے بھی بہتر سفر ہے۔
اپوزیشن نے حکومت کی 2 سالہ کارکردگی کو بدترین قرار دیدیا
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ انہوں نے سی پیک کا مزاق اڑایا، الزامات لگائے، ہماری تضحیک کی، کرپشن کرپشن پکارتے رہے، یہ اور ان کے حواری الٹے ہوگئے مگر انہیں کچھ نہیں ملا۔
ن لیگی صدر نے کہا کہ چینی برآمد کرکے روپے کی قدر میں کمی کا فائدہ اٹھایا گیا، کسانوں کو سزا دی گئی اور برآمد کنندگان نے اربوں روپے کا منافع کمایا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار گندم کٹائی سیزن ختم ہونے سے پہلے ناپید ہوگئی، حکومتی رکن نے فلور آف دی ہاؤس پر کہا کہ گندم کہاں گئی؟
شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتیں ایک دھچکے میں آسمان پر پہنچادیں، بجلی کی قیمتوں میں بیپناہ اضافہ کیا، گردشی قرضہ پھر بھی قابو میں نہ آیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں ایل این جی کے 5000 میگاواٹ کے 4 منصوبے لگائیگئے، فی یونٹ لاگت 12، 13 روپے سے زیادہ نہیں ہے، بد ترین نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے بجلی کی بھی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، تیل پر چلنے والے منصوبوں کو بند کرنا چاہیے تھا لیکن مفادات کا ٹکراؤ ہے۔
پریس کانفرنس کے د وران شہباز شریف نے میر حاصل بزنجو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ جمہوریت اور آئین کے ساتھ کھڑے رہے اور بے شمار قربانیاں دیں۔


