مریم نواز نے ایف بی آر کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایف بی آر کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔بدھ کے روز مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے 6 لاکھ 57 ہزار کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز بھجوائے ہیں، جبکہ میں قانون کے مطابق سارے ٹیکسز ادا کر رہی ہوں، تمام ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود ایف بی آر نے ریکوری کے نوٹس بھجوائے ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے بھی ریکارڈ کا درست جائزہ لیے بغیر درخواست خارج کردی تھی‘ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹسز اور سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ مریم نواز نے اپنی درخواست میں ایف بی آر سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔


