حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے،مولانا واسع
کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر ورکن قومی اسمبلی مولاناعبدالواسع نے کہاہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے ملک بھر میں جلسوں کاآغاز کیاجارہاہے جلسوں سے قبل پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں ،حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر اب سیاسی کارکنوں کو گرفتارکرکے انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے ،سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی ،موجودہ حکومت کو نہ پہلے تسلیم کیا نہ اب کرینگے ،کراچی میں شہید ہونے والے ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹرعادل کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں حکومت ملزمان کو فوری طورپر گرفتارکرے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے دوروزہ مجلس عمومی وجنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ 25اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام اور دیگر اپوزیشن جماعتیں تیاریاں کر رہی ہیںکوئٹہ میں ہو نے والا جلسہ تاریخی نو عیت کا جلسہ ہوگا،جمعیت علماء اسلام کے کارکن 25اکتوبر کو ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تیاریاں تیز کریں انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جلسے کی کامیابی کیلئے جمعیت علماء اسلام اور دیگر سیاسی جماعتوں کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ،انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام وپی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سلیکٹڈ حکومت کو پہلے بھی تسلیم نہیں کیا اور آئندہ بھی تسلیم نہیں کرینگے ،سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کیلئے پی ڈی ایم کا جدوجہد جاری رہے گا،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسوں سے قبل پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میںسیاسی رہنمائوں کے خلاف حکومت انتقامی کارروائیوں پر اترا ٓئی ہے اور انہیں گرفتارکیاجارہاہے ،جلسے کی کامیابی کیلئے جہاں جہاں بینرز اور پوسٹر لگے ہوئے ہیں انہیں اتارا جارہاہے ،ایک طرف سلیکٹڈ حکومت کہہ رہی تھی کہ اپوزیشن کے جلسوں کیلئے کنٹینرز فراہم کرینگے لیکن اب وہ جلسوں کی کامیابی سے خوفزدہ ہوکر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کررہی ہیںپی ڈی ایم حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتی ہے حکمران فوری طورپر اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے خود گھر چلے جائیں ،انہوں نے کراچی میں ممتاز عالم دین مولاناڈاکٹرعادل خان شہید سے متعلق مجلس عمومی اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے ان کی شہادت پر دکھ اورافسوس کااظہار کیاہے ،انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوری طورپر مولانا ڈاکٹرعادل شہید کے قاتلوں کو گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچائیں ۔مولانا ڈاکٹرعادل خان تمام مکاتب فکر کے مشترکہ اثاثہ اور اتحاد ویکجہتی کے علمبردار تھے ،ڈاکٹرعادل خان کی شہادت ملک کی سلامتی اور پرامن مستقبل پر حملہ کے مترادف ہے ،انہوں نے کہاکہ اس وقت اتحاد ویکجہتی کے ذریعے ہی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایاجاسکتاہے ۔


