لیویز فورس بھرتیوں میں بے ضابطگی کیخلاف لانگ مارچ کے شرکاء کا دھرنا جاری
کوئٹہ : خضدار سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کے شرکاء کی جانب سے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے دھرنا بدھ کو بھی جاری رہا اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک طرف بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اقدامات کے دعوے کئے جاتے ہیں تو دوسری جانب خضدار میں لیویز کی خالی آسامیوں پر میرٹ کے برخلاف من پسند افراد کو تعینات کیا جارہا ہے جس سے میرٹ پر آنے والے غریب اور اہل امیدواروں کی حق تلفی ہورہی ہے جس کے خلاف انہوں نے خضدار سے کوئٹہ تک پیدل مارچ کیا اور ایک ہفتے زائد عرصے سے پریس کلب کے باہر دھرنا دیئے ہوئے ہیں تاہم حکومت اور متعلق حکام کی جانب سے ابھی تک انہیں کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے ہم واضح کرتے ہیں کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا اور آ ج بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔