جگہ جگہ چیک پوسٹوں پرچیکنگ کے باوجود اتنابڑاسانحہ سمجھ سے بالاتر ہے، انجمن تاجران بلوچستان
کوئٹہ:مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے سانحہ مچھ کے خلاف جمعرات 7جنوری کو کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ چیک پوسٹوں پرچیکنگ کے باوجود اتنابڑاسانحہ سمجھ سے بالاتر ہے حکومت عوام کو فوری طورپر تحفظ فراہم کر ے یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر یاسین مینگل،نعمت آغا،حاجی طاہر نظری،محمدحسین اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مچھ کوئلہ فیلڈ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے حکومت واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے کردارادا کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے لاشیں اٹھاتے چلے آرہے ہیں لیکن جس طرح بے گناہ کانکنوں اورمزدوروں کے ہاتھ باندھ کر قتل کیا گیا اسکی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج تک کسی بھی واقعہ میں ملوث قاتل گرفتار نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ 2دہائیوں میں کئی ہزار افراد شہادتیں دے چکے ہیں مگر قاتلوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ مچھ پر ہر درد دل رکھنے والا خون کے آنسو رو رہا ہے۔انہوں نے مرکزی انجمن تاجران اور اتحاد تاجران بلوچستان کی جانب سے سانحہ کے خلاف جمعرات7جنوری کو کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے واقعہ کی تحقیقات کیلئے بااختیارانکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اور ملو ث عناصرکو کڑی سزادے کر بلوچستان کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔


