ڈینیل پرل کیس , تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائینگے، پاکستان کی امریکہ کو یقین دہانی

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو ڈینیل پرل کیس میں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی۔جمعرات کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ہم منصب انتھونی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے تعلقات ہیں،جب بھی موقع ملا وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان رابطہ ہو جائیگا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ کو افغانستان امن عمل میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ انٹلیجنس اور فوجی تعاون موجود ہے۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کا مستقل رکن کیا غیر مستقل رکن بننے کے بھی اہل نہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسا ملک جو علاقائی امن و سلامتی اور ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے اسے اقوام متحدہ کا رکن بننے کی اہلیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ الزام تراشی کسی کے مفاد میں نہیں۔وزیر خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ کو ڈینیل پرل کیس میں قانونی تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ریوو پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی قربانیوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں