امریکی اراکینِ کانگریس کا ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ
واشنگٹن،امریکا کے 32 ارکینِ کانگریس نے ایران پر عائد پابندیاں معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان کی طرف سے امریکا کے وزیرِ خارجہ اور وزیرِ خزانہ کو خط لکھا گیا ہے۔ارکانِ کانگریس کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ سخت پابندیاں ایران میں کورونا وائرس کی پھیلی ہوئی وبا سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔کانگریس ارکان کا یہ بھی کہنا تھاکہ ایران سے امریکا کا تنازع کورونا کی وبا سے پریشان معصوم لوگوں کی مدد میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔واضح رہے کہ ایران وہ ایشیائی مسلم ملک ہے جو کورونا وائرس کی وبا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ایران میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 18 فروری کو رونما ہوا تھا اور اب تک 44605 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2898 ایرانی شہری اس وائرس سے لڑتے ہوئے موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔کورونا وائرس سے ایران میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 14656 ہے جبکہ 3703 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔