افغانستان،سڑک کنارے نصب بم دھماکہ، چھ بچوں سمیت 8 افغان شہری جاں بحق
کابل، افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم کی زدمیں آکر چھ بچوں سمیت 8 افغان شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے بتایاجاتا ہے۔صوبائی گورنر کے ترجمان عمرزواک اور صوبائی پولیس کے ترجمان زمان ہمدرد کے حوالے سے افغان میڈیا نے بتایاہے کہ جنوبی افغان صوبہ ہلمند کے ضلع نہر سراج میں یہ واقعہ بدھ کے روز اْس وقت پیش آیا جب ضلع گریشک سے ایک منی وین میں ایک ہی خاندان کے افراد جارہے تھے کہ سڑک کنارے نصب بم زورداردھماکہ سے پھٹ گیا جس کی زدمیں آکرگاڑی مکمل طورپرتباہ ہوگئی جبکہ گاڑی میں سوار 8 افغان شہری جاں بحق ہوگئے جن میں چھ بچے اورایک خاتون شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق دیگردو افراد زخمی بھی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔یادرہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے ادارہ کے مطابق اب تک جنگ زدہ افغانستان میں مختلف پرتشدد کاروئیوں اور بم دھماکوں میں ایک لاکھ سے زائد افغان شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ ادھر اس واقعہ پر ابھی تک کسی تنظیم نے رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔