صوبائی حکومت واٹس ایپ اور ٹوئٹر کی بجائے کارکردگی پر توجہ دے، نواب ایاز جوگیزئی

کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء وپشتون قومی جرگہ کے کنونیئر نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہاہے کہ وفاق اور بلوچستان حکومت نوول کورونا وائرس کی روک تھام میں مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں،اگر وفاقی وصوبائی حکومتوں نے اس سلسلے مں سنجیدگی کامظاہرہ نہ کیا تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے،اب بھی وقت ہے کہ حکومتیں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں،ڈاکٹروں کو طبی آلات فراہم نہ کرنا صوبائی حکومت کی نااہلی ہے ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تشخیص تشویشناک عمل ہے،صوبائی حکومت ٹویٹر اور وٹس ایپ کے ذریعے عوام کو شعورو آگاہی دینے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہاکہ اس وقت فوری دنیا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے برسرپیکار ہیں مگر ہماری حکومت کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی جس کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے اب بھی وقت ہے کہ حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں اور کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سخت فیصلے کریں اگر وفاقی وصوبائی حکومتوں نے سنجیدگی کامظاہرہ نہ کیا تو مسائل مزید بڑھیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومتوں پر عائد ہوگی،صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹروں اور نرسز کو طبی آلات فراہم نہ کرنا سب سے بڑی نااہلی ہے ہماری بدقسمتی ہے کہ دنیا نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں ترقی کی جبکہ ہم آج بھی ان دو شعبوں میں بہتری لانے میں مکمل طورپرناکام ہیں حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ تمام تر مسائل کو چھوڑ کر صرف کورونا وائرس پر توجہ دیں اگر کورونا وائرس پر توجہ نہ دی گئی تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں،موجودہ حکومتوں کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں صرف ٹویٹر اور وٹس ایپ کے ذریعے احکامات دئیے جارہے ہیں جو ناکافی ہیں انہوں نے کہاکہ چین نے حالات کامقابلہ کرتے ہوئے مختصر مدت میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلے کئے اور اب دنیا کو طبی آلات فراہم کرنے کیلئے چین اپنا کرداراداکررہاہے ہمارے حکومتیں عوام میں خوف وہراس پھیلانے کیلئے میڈیا کا سہارا لے رہی ہے حکومت کوسنجیدگی کامظاہرہ کرناہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں