توہین مذہب کے الزام میں گرفتار مسیحی جوڑا بری
لاہور(انتخاب نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے 2013 میں گرفتار کیے گئے مسیحی جوڑے کو توہین مذہب کے الزام سے بری کردیا۔پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے گوجرہ کے اسکول کے چوکیدار شفقت ایمینوئل اور ان کی اہلیہ شگفتہ مسیح کو جولائی 2013 میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295-سی کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے شکایت کنندہ دکاندار ملک محمد حسین اور گوجرہ تحصیل بار کے سابق صدر انور منصور گورایہ کو گستاخانہ ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے۔اپریل 2014 میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جوڑے کو توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت سنانے کے ساتھ ساتھ فی کس ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔مسیحی جوڑے نے ان الزامات کی تردید کی تھی اور سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، قانونی کاروائی میں ان کی نمائندگی ایڈوکیٹ سیف الملوک نے کی جبکہ شکایات کنندہ کی نمائندگی ایڈوکیٹ چوہدری غلام مصطفی نے کی۔


