افغانستان، میں گھمسان کی جنگ اقوام متحدہ کے کمپائونڈ پر حملہ،100 سے زائد ہلاک

کابل:افغانستان، میں گھمسان کی جنگ اقوام متحدہ کے کمپائونڈ پر حملہ،100 سے زائد ہلاک افغانستان میں سرکاری سیکورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران کم از کم 100 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور تقریبا 90 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔متعدد ذرائع اور مقامی حکومت نے جمعہ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ مغربی صوبہ ہرات میں افغان سیکورٹی فورسز کی جانب سے مقامی عوامی مزاحمتی فورسز کی مدد سے صوبائی دارالحکومت ہرات شہر کے مضافات اور ہمسایہ مضافاتی اضلاع گذرہ، کرخ اور سیاوشان پر طالبان کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 52 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 47 زخمی ہو گئے ہیں۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ زمینی افواج کی مدد کیلئے افغان فضائیہ کے اے -29 جنگی طیاروں نے متعدد فضائی حملے بھی کیے ہیں۔علاوہ ازیں افغان وزارت دفاع نے جمعہ کے روز اس سے قبل بتایا کہ ہرات کے ضلع غوریان میں افغان فضائیہ کی جانب سے طالبان کے ٹھکانے پر حملے کے نتیجے میں 13 عسکریت پسند ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہو گئے ہیں، مزید کہا کہ فضائی حملوں میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندوں کی 7 گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔فوج کی 215 میوند کور نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی صوبہ ہلمند میں صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ شہر کے جنوبی مضافات میں طالبان عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کے دوران افغان فضائیہ کے ایم ڈی۔ 530 گن شپ ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملوں کے دوران متعدد طالبان عسکریت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، مزید بتایا گیا کہ اس واقعے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ محفوظ رہے ہیں اور انہیں زمینی فورسز نے ریسکیو کر لیا ہے۔وزارت دفاع کے مطابق ہمسایہ صوبہ قندھار کے ضلع ژری میں طالبان کے اجتماع پر افغان جنگی طیاروں کے حملے میں 36 عسکریت پسند ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں