طور خم، چمن بارڈر ہفتے میں 2 دفعہ کھولنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے کورونا وائرس کے باعث بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے طور خم اور چمن بارڈر کو ہفتے میں 2 دفعہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ 500 پاکستانی طورخم بارڈر اور 300 چمن بارڈر کے ذریعے لائے جائیں گے، 6 ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک کے ذریعے اگلے ہفتے تک لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای میں بیروزگار پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے 16 فلائٹس آپریٹ کی جا رہی ہیں، ملیشیا، سنگا پور اور بحرین سے رہا ہونے والے قیدوں کو بھی واپس لیا جائے گا۔معید یوسف کا کہنا تھا افریقہ اور امریکا کیلئے بھی خصوصی فلائٹس کا انتظام کرلیا گیا، بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کر دیا گیا، 35 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں، واپسی پر مسافروں کو 48 گھنٹے تک قرنطینہ کیا جائے گا، تمام مسافروں کو ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزرنا ہو گا، ٹیسٹ مثبت آنے پر مسافروں کو ہسپتال میں رکھا جائے گا، پالیسی زمینی راستے سے داخل ہونے والے پاکستانیوں پر بھی لاگو ہوگی۔