حکومت ملک اور عوام کے لیے سونامی بن چکی ہے،مولانا فضل الرحمن
سکھر:پی ڈی ایم سربراہ جے یو آئی قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت ملک اور عوام کے لیے سونامی بن چکی ہے۔ معیشت کو تباہ کر کے ریاست کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔ عمران خان اپنے غیر ملکی آقاؤں کی ایما پر ملک میں روز بروز مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور بے حیائی برپا کر کے عوام کو مایوسیوں کے دلدل کی طرف دھکیل رہے ہیں، ان حالات میں عوام کو مایوسیوں اور پریشانیوں سے نکالنے کے لئے پی ڈی ایم نے فیصلہ کن تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارا انہوں نے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو، مفتی سعود افضل ہالیجوی اور مولانا عبدالحق مہر کے ساتھ ٹیلفونک گفتگو کے دوران کیا۔ سکھر میں مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکمراں ملک کی سلامتی کیلئے رسک بن چکے ہیں۔ اب ان کو جلد ہٹایا جانا ناگزیر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے مدینہ کی ریاست کا نام لیکر عوام پر ظلم، جبر، مہنگائی، بے روزگاری کے پے در پے پہاڑ توڑ دئیے ہیں، غیر شرعی بل پاس کر کے مدینہ کی ریاست کو بدنام کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ عاقبت نا اندیش حکمرانوں کو حالات و خطرات کا ادراک نہیں وہ کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر کے بیٹھے ہوئے ہیں اور آج بھی جھوٹے اور غلط دعوؤں کے زور پر زہر کو شہد ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ جے یو آئی قائد کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے لئے عذاب سے کم نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو تجربہ گاہ بنادیا گیا ہے 75 سال سے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ اب حالات کو بدلنا ہوگا اور انقلاب لانا ہوگا۔ ہم بڑے عوامی انقلاب کی طرف جا رہے ہیں عوام کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 27 نومبر کو لاڑکانہ میں ہونے والی شہید اسلام کانفرنس انقلاب کا پیش خیمہ اور سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہید اسلام کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کریں کہ سندھ کے عوام شہید اسلام کے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں۔


