مہنگائی کی لہر زیادہ دیر نہیں رہے گی،وزیراعظم

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو احساس ہے کہ تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے لیکن موجودہ مہنگائی کی لہر زیادہ دیر نہیں رہے گی، حکومت کے بہتر معاشی پالیسیوں کے اثرات جلد عوام کے تک پہنچیں گے،عام آدمی کرائے کی رقم سے بینکوں کو قسطوں میں دے کر گھر کا مالک بن سکتا ہے اور یہ سب کچھ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے ذاتی گھر بنانا آسان ہو رہا ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ہاؤسنگ فنانسنگ صرف0.2 فیصد ہے، ہمیں اس کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے، کورونا وباء کے باوجود ملکی معیشت درست سمت گامزن ہے اور تیزی سے ترقی کر رہی ہے، حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث مزدور اور کاشتکار طبقے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔منگل کو وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پی ایچ اے آفیسرزریذیڈنشیا کری روڈ اور پی ایچ اے اپارٹمنٹس منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2008میں شروع ہونے والے منصوبے کو 2017میں شروع کیا گیا اور جس میں کام کی رفتار نہ ہونے کے برابر رہی، ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے گھر وں کے حصول کے کام تکمیل کی جانب لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گھروں کی کمی ہے اور گھروں کی کمی کی وجہ بینکوں سے تنخواہ دار لوگوں کو قرضہ نہ ملناہے، ہماری حکومت نے دو سال کی محنت اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کے بعد قانون پاس کیا جس کے بعد تنخواہ دار طبقہ بھی گھر بنانے کیلئے بینکوں سے قرضہ لے سکتا ہے جبکہ ساتھ ہی بینک عملے کی بھی تربیت کی جا رہی ہے کہ عام آدمی کو قرضوں کی فراہمی کیلئے آسانیاں کیسے دیں گے، عام آدمی کرائے کی رقم سے بینکوں کو قسطوں میں دے کر گھر کا مالک بن سکتا ہے اور یہ سب کچھ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے ذاتی گھر بنانا آسان ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے 88ہزار یونٹس کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جو 2022میں ہی مکمل ہو جائے گا جبکہ ملک میں گھروں کیلئے صرف 8 سے 9تک کی قلیل مدت میں 124 ارب روپے گھروں کیلئے درخواستیں موصول کی ہیں جن میں سے 40 ارب روپے بینکوں نے جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ انڈسٹری ملکی معیشت کو آگے لے جانے میں سب سے کلیدی کردار ادا کرتی ہے، ہاؤسنگ کے ساتھ 30مزید شعبے منسلک ہیں، جس سے لوگوں کو روزگار اور ملکی معیشت اور انڈسٹری ساتھ ساتھ بڑھتی ہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ہاؤسنگ فنانسنگ صرف صفر اعشاریہ دو فیصد ہے، ہمیں اس کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود ملکی معیشت درست سمت گامزن ہے اور تیزی سے ترقی کر رہی ہے، حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث مزدور اور کاشتکار طبقے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے، ملکی برآمدات، محصولات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے لیکن موجودہ مہنگائی کی لہر زیادہ دیر نہیں رہے گی اور حکومت کے بہتر معاشی پالیسیوں کے اثرات جلد عوام کے تک پہنچیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں