بشریٰ بی بی کی تضحیک پر مریم نواز کو گرفتار کیا جائے، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا ایف آئی اے کو خط
اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما اور پارلیمانی سیکرٹری صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ نے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھا جس میں خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف نامناسب سوشل میڈیا ٹرینڈز چلانے کی پشت پناہی کرنے پر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کو گرفتار کرنے کی درخواست کردی۔ بدھ کو تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ نے خاتون اول کے خلاف سوشل میڈیا میں جاری تضحیک آمیز مہم پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ میں بطور ممبر قومی اسمبلی کچھ حقائق زیر غور لانا چاہتی ہوں کہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ سیاست دان ہیں اور نہ ہی وہ سیاسی بیانات جاری کرتی ہیں، اس لئے ان کے خلاف سوشل میڈیا میں گھٹیاٹرینڈز اور تضحیک آمیز باتیں پھیلانا ایک سنگین جرم ہے، اگر ایسے لوگوں کو کڑی سزا نہ دی جائے تو قانون پر عملدرآمد کا فقدان سمجھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صابر محمود ہاشمی نامی شخص کو خاتون اول کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ چلانے پر گرفتار کیا گیا ہے لیکن مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اس کی حمایت میں ٹوئٹ کرکے اور ضمانت کی ذمہ داری لے کریہ اقبال جرم کر رہی ہیں کہ خاتون اول کے خلاف گھٹیا ٹرینڈز کرنے والا اس کا دیہاڑی دار ملازم ہے اور یہ سب مریم نواز کی ایماء پر کیا ہے۔ اور بے نظیر کی نازیباء تصویروں سے لے کر خاتون اول تک کیچڑ اچھالنے تک شریف خاندان کی نسل بدل گئی لیکن ان کی غلیظ بدبودار ذہنیت نہیں بدلی ہے اور بدعنوانی کے پیسے کو بے دریغ استعمال کرکے مریم نوازنہ صرف کردار کشی کروا رہی ہیں بلکہ اقتدار کی ہوس میں ملک دشمنی جیسے سنگین معاملات میں بھی ملوث ہیں۔ عالیہ حمزہ نے اپنے خط میں سائبر کرام ونگ سے مطالبہ کیا کہ مریم نواز کو اس عمل سے روکنا ضروری ہو چکا ہے اور مجھے امید ہے کہ سائبر کرام ونگ اپنے اختیارات کے اندر رہ کر مریم نواز کو جلد از جلد گرفتار کرے گا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں گرفتاری کیلئے دائر درخواست پر ردعمل میں وزیر اعظم عمران خان ک مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی میری آئی سی یو میں بیہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہیے تھا۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کوئی آسمان سے اتری مخلوق نہیں جس کی شان میں گستاخی کرنے پر شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا جائے گا اور انہیں سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائیگا۔مریم نے لکھا کہ آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی میری ICU میں بیہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہیے تھا،مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا ہونا چاہیے تھا۔مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں آپ نا صرف خود اس گندے کھیل میں شامل تھے بلکہ اپنے جاہل وزرا کا حوصلہ بڑھاتے تھے، اقتدار جب ہاتھ سے نکلنے لگتا ہے تو آپ جیسے انسانوں کا خوف اسی طرح سامنے آتا ہے، آپ کی حرکتیں دیکھ کر مشرف کے آخری ایام یاد آ جاتے ہیں۔


