عرب اتحاد کے حجہ اورمآرب میں حملے،73حوثی مارے گئے
صنعاء :عرب اتحاد نے گذشتہ 24گھنٹے کے دوران میں یمن کے صوبوں مآرب اور حجہ میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف 17اہدافی حملے کیے۔سعودی پریس ایجنسی نے عرب اتحاد کے ان فضائی حملوں کی اطلاع دی اور کہا کہ ان حملوں میں 14فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور73حوثی مارے گئے۔گذشتہ ہفتے عرب اتحاد نے صنعا کے مکینوں سے کہا تھا کہ وہ اگلے 72 گھنٹے میں کچھ سویلین مقامات خالی کر دیں۔اس نے خبردار کیا تھا کہ علاقے میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔عرب اتحاد نے یہ انتباہ سعودی عرب کے جنوبی شہر ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کے بعد جاری کیا تھا۔اس حملے میں 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔امریکا کے محکمہ خارجہ، متحدہ عرب امارات، اردن، مصر اور دیگر متعدد ممالک نے ابھا کے ہوائی اڈے پرحوثیوں کے حملے کی مذمت کی تھی۔


