صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان جلد تصفیہ ہو جائے گا: افغان نائب صدر

اسلام آباد :افغانستان کے نائب صدر دوم محمد سرور دانش نے کہا ہے کہ صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان جاری سیاسی تنازع جلد حل ہو جائے گا۔ ان کے بقول دونوں رہنما افغانستان میں ایک قومی جامع حکومت سے متعلق آئندہ چند روز میں ایک حتمی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔افغان نائب صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سرور دانش نے یہ بات افغانستان میں اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ دیبرا لاینز سے جمعرات کو ویڈیو کال کے ذریعے ہونے والی گفتگو کے دوران بتائی ہے۔گفتگو میں افغان عمل، افغانستان کے سیاسی معاملات، کرونا وائرس اور بین الافغان مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔افغان نائب صدر نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ کو بتایا کہ عبد اللہ عبد اللہ اور صدر غنی کے مابین سیاسی تناؤ جلد ہی ختم ہو جائے گا۔ان کے بقول افغانستان میں "قومی شمولیت کی حکومت” کے فریم ورک کے اندر اتحاد اور تعاون کو مستحکم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ لہذٰا بہت جلد صدر غنی اور عبداللہ عبداللہ بھی کسی حتمی معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ عبداللہ عبداللہ اعلٰی مفاہمتی کونسل کی قیادت کا عہدہ قبول کر لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں