سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی
اسلام آباد(انتخاب نیوز) سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے حکومتی درخواست پر توہین عدالت کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل صاحب سب سے پہلے آپ کو سننا چاہتے ہیں، جس پر اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے سپریم کورٹ کا گزشتہ روز کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا، عدالت میں عمران خان کے گزشتہ روز کا خطاب بھی چلایا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا ممکن ہے کہ عمران خان کو غلط بتایا گیا ہو، سپریم کورٹ نے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہمارے علم میں آیا ہے کہ جگہ جگہ آگ لگائی گئی، جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسلسل شیلنگ کی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو آئین کے آرٹیکل 15، 16 اور 17 کے تحت حقوق حاصل ہیں، ایگزیکٹو کوئی بھی غیر آئینی گرفتاریاں اور ریڈز نہ کریں، یہ مت بھولیں کہ اسی جماعت نے متعدد ریلیاں کی ہیں جس پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ان ریلیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔


