اسرائیل اور عرب امارات کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ ہوگیا

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں آزاد تجارت معاہدے پر دستخط ہوگئے جو دونوں ممالک کے تعلقات میں تاریخی پیشرفت ہے۔ اسرائیل کے وزیر معیشت اور صنعت اورنا باربیوا اور ان کے اماراتی ہم منصب عبداللہ بن طوق المری نے کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد اس معاہدے پر دستخط کیے۔ اسرائیل کا کسی بھی عرب ملک کے ساتھ یہ پہلا فری ٹریڈ معاہدہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر سے بڑھنے کا امکان ہے جب کہ معاہدے کے تحت 96 فیصد مصنوعات پرکسٹم ڈیوٹی ختم کی جائےگی۔اس موقع پر اسرائیل میں متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد محمود فتح علی عبداللہ الخجا نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک بے مثال کامیابی ہے، دونوں ممالک کے تاجروں کو مارکیٹوں تک کم ٹیرف میں تیز تر رسائی ملے گی جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باضابطہ تعلقات 2020ءمیں قائم ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں