باز نہ آئے تو تمہارے کندھوں پر سر سلامت نہیں رہیں گے،ترک صدر

استبول ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ شام میں بشار الاسد کی فوج ادلب میں ترکی کی طے کردہ حدود سے باہر نہ نکلی تو ان کے کندھوں پر سر سلامت نہیں رہیں گے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک صدر اردوان نے انقرہ میں جسٹس اینڈ ڈیلپمنٹ پارٹی کے ضلعی مشاورتی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ شام میں اسد انتظامیہ کے حملوں سے فرار ہونے والے لاکھوں مہاجرین کا بوجھ مستقل ترکی کے کندھوں پر رہے۔ ہم شامی انتظامیہ کے حملوں کا ضرورجواب دے رہے ہیں۔ اس وقت تک شامی انتظامیہ کو جو جانی و مالی نقصان پہنچا وہ صرف ایک ابتدا ہے۔ادلب میں ترکی کی مانیٹرنگ چوکیوں پر حملوں کے خطرے کے بارے میں اردوان نے کہا ہے کہ اب تک کے حالات سے عبرت حاصل نہ کرنے والوں کی طرف سے ہماری مانیٹرنگ چوکیوں پر حملے کی دھمکی اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ان کی عقل ابھی ٹھکانے نہیں آئی، اگر یہ ہماری طے کردہ حدود سے باہر نہ نکلے تو کچھ عرصے بعد ان کے کندھوں پر ان کے سر سلامت نہیں رہیں گے۔ اپنے فوجیوں کی شہادت کا سبب بننے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ترک صدر نے خطاب میں ایک دفعہ پھر روس اور ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں ہمارا آپ سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں