کراچی الیکٹرک کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، شہر کے 14 مقامات پر احتجاجی مظاہرے
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شدید گرمی میں 4 سے 14گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری پریشان ہوگئے ہیں۔ کھارادر، لیاری، نیاآباد، کورنگی، اورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، قائدآباد، قیوم آباد ، کیماڑی ، پٹھان کالونی، قصبہ، اورنگی ٹائون، منگھوپیر، میٹروول، بنارس، سائٹ ایریا، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اسکیم 33 ، لانڈھی داودچالی داودچورنگی بسمہ اللہ کالونی ، پپری، گلشن حدید، گھگھر، رزاق آباد، درسانہ چھنہ، میمن گوٹھ،ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ اور دیگر علاقوں میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہ رک سکا۔شہریوں نے شکوہ کیا کہ رات بھر صرف 2 گھنٹوں کے لیے بجلی دی جارہی ہے، ہر 2 سے 3 گھنٹوں بعد 3 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر بھر میں 14 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردی، کئ مقامات پر شہریوں نے دھرنے بھی دیئے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے دوران گھنٹوں لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، لیاری میں بجلی کے ستائے سینکڑوں افراد ماڑی پور روڈ جبکہ سلطان آباد کے علاقہ مکین ایم ٹی خان روڈ پر نکل آئے ،بلدیہ ٹائون گلشن غازی، چوبیس مارکیٹ سعیدآباد ، شمعوزئی محلہ و دیگر علاقوں کی عوام نے کے الیکڑک آفس سیکٹر 8 سعیدآباد پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے ماڑی پور روڈ کے دونوں ٹریک ٹریفک کیلئے بند کردیئے، سلطان آباد کے عوام نے بھی حبیب اسکول کے قریب سڑک کو بند کردیا ،تین ہٹی، جمشید روڈ ، سرجانی ٹائون، ملیر میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، مظاہرین نے کے الیکٹرک کو قاتل الیکٹرک قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ حکومت کو بلیک میل کرنے کیلئے طویل لوڈ شیڈنگ کررہی ہے،قاتل الیکٹرک کے خلاف کسی بھی حکومتی فورم پر عوام کی سنوائی نہیں ہورہی ہے۔ بلدیہ ٹائون میں مظاہرین نے مطالبات کی منظوری کیلے کل 3 بجے سہ پہر تک مہلت دینے بعد مظاہرہ ختم کیا، اس موقع پر سابقہ ایم پی اے حافظ نعیم اور جمشید ترین نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گے تو اگلے مرحلے پر مفتی محمود شاہراہ (حب ریور روڈ) کو بلاک کیا جائے گا ۔ملیر کے سیاسی رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نا اہل کے الیکٹرک انتظامیہ کی لاپرواہی اور بے حسی کی وجہ سے ہماری زندگی عذاب بن گئی ہے, بچے، بوڑھے رات کو سونے سے قاصر ہیں، انہوں نے کہا جن کی مالی حیثیت بہتر ہے وہ تو جنریٹر یا پھر سولر سے گزارہ کررہے ہیں لیکن غریب کیسے گزارا کریں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ شہر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، عدم ادائیگی اور بجلی چوری والے علاقوں میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔


