اکثر لاپتہ افراد دہشت گردی میں ملوث رہے، سیاسی رہنما اہلکاروں پر حملوں کی بھی مذمت کریں، ضیا لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی مشیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے لاپتہ افراد کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد اور ان کے لواحقین سے ہمدردی ہے، صوبائی حکومت آئین کے مطابق انسانی حقوق کی علمبردار ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں لاپتہ افراد کے ساتھ رہی ہیں۔ صوبائی حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں سینکڑوں لاپتہ افراد کو بازیاب کرا کے ان کے خاندانوں سے ملایا گیا ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی اور انصاف کو یقینی بنانے کی کوشش آئندہ بھی جاری رہے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین دہشت گردی کے واقعات اور ان میں ملوث عناصر کی مذمت بھی کیا کریں جو اپنے ہی بھائی، بہنوں پر حملوں کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ لاپتہ افراد کی فہرست میں بہت سے ایسے افراد کے نام بھی ہیں جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ لاپتہ افراد میں سے بہت سے دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں وہ بھی ہمارے بھائی ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کو امن قائم رکھنے کیلئے قربانی دینے والے سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ بھی ہمدردی اور ان پر حملے کرنے والوں کی مذمت کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں