قلعہ سیف اللہ، چمن میں شدید بارش، مسلم باغ میں 2 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) شمالی بلوچستان میں مون سون کا چوتھا اسپیل طوفانی شکل اختیار کرگیا۔ ذرائع کے مطابق چمن میں قلعہ سیف اللہ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے مسلم باغ میں شدید سیلابی صورتحال ہے۔ لیویز حکام کے مطابق سیلابی ریلے مسلم باغ قصبے میں داخل ہوگئے جس کی وجہ سے بازار میں کھڑی گاڑیاں ریلے میں بہہ گئیں۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ مسلم باغ بازار ریلے میں 2 افراد بھی بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ مسلم باغ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات کی گئی ہے۔ دوسری جانب چمن کے علاقے توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی سمیت قریبی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جس سے رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں کی وجہ سےدوبارہ بند ہوگئیں جب کہ پاک افغان سرحدی علاقے بھی مون سون کے طاقتور ترین سسٹم کے زیر اثر آگئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آج دوپہر سے چمن کے بیشتر علاقوں میں مزید طوفانی بارش متوقع ہے جس سے قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان،کوہلو، موسی خیل میں سیلابی صورتحال کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔اس کے سبی، بولان، قلات،خضدار،لسبیلہ،آواران، تربت، پنجگور میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں