‘قوم نے واضح کردیا کہ وہ کس طرف کھڑی ہے، اب ملک کے فیصلہ سازوں کو سوچنا ہوگا،اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر کہا کہ آج قوم نے واضح کردیا ہے کہ وہ کس طرف کھڑی ہے، اب ملک کے فیصلہ سازوں کو سوچنا ہوگا کہ کیا پاکستان کو اس تبدیلی کے راستے پر چلنے دینا ہے جو عوام چاہتے ہیں یا پھر عوام کو اتنا مجبور کرنا ہے کہ وہ کوئی دوسرا راستہ چنیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اب شہباز شریف کو میاں صاحب کو کال کرکے کہنا چاہیے کہ مجھے جانے دیں اور نیازی کو آنے دیں ۔اسد عمر نے بتایا کہ تحریک انصاف آج یوم تشکر منائے گی ،عمران خان نے آج تمام پی ٹی آئی ورکرز کو یوم تشکر منانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ضمنی انتخابات میں 75 فی صد سیٹیں پی ٹی آئی نے جیتیں اور آج بھی تین چوتھائی اکثریت سے پی ٹی آئی جیتی ہے،کیا فیصلے کرنے والوں کی دماغ میں کوئی ابہام ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ جو چھ مہینے میں قوم کے ساتھ ہوا اس کا غصہ آج عوام نے نکالا، سندھ ہاؤس میں لگنے والی منڈی کو عوام مسترد اور موجودہ نا اہل مافیا کو رد کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاری ساتھ ساتھ جاری ہے،امید ہے یہ لوگ عوام کو اس مشکل میں ڈالے بغیر فیصلہ کرلیں گے،فیصلہ ساز ابھی بھی اپنی غلطی کو سمجھیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ووٹ خریدے ہیں اور بے تحاشہ پیسا بہایا ہے، پی ٹی آئی دوطاقتوں پر بھروسہ کرتی ہے ایک اللہ پر ایمان اور دوسرا عوام پر اعتماد۔
قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا اور غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستیں جیت لیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملیر اور ملتان میں کامیابی حاصل کی ہے۔