مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام ہونا چاہیے، یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا حامی ہوں۔
اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تقریب میں نشست کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور اس صورتحال میں اقوام متحدہ کے کردار کے بارے میں سوال کیا گیا تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ واضح طور پر کہتے ہیں کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا حامی ہوں۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس مسئلہ کے حل کیلئے مذاکرات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر نے دو رپورٹس کا اجرا کیا ہے جو کہ اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ٹھوس کردار ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ عزم ہے کہ ناصرف مقبوضہ کشمیر بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اس سے قبل انتونیو گوتریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونیوالا دنیا کا بڑا ملک ہے، ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور پائیدار ترقی ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کیلئے اہم ہیں۔ پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول تمام ممالک اور اقوام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کیلئے کاوشیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، کامیاب جوان پروگرام ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا منصوبہ ہے۔ پاکستان میں سب کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے وژن سے متاثر ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔ پائیدار ترقیاتی اہداف کیلئے کاوشیں اور کام کی رفتار کو تیز کرنا ہو گا، ترقی کے حصول میں دنیا کو بہت سی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔