بلوچستان میں حکومت کی کوئی خاص کا ر کردگی نہیں ہے، نواب ثناء زہری

خضدار:مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ حکومت نے عوام کو بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کے ماسوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔آج قوم زندگی کی جس نزاکت کے دور سے گزر رہی ہے اس کی نوبت قبل ازیں کبھی بھی نہیں آئی ہے ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے قو م کی قوتِ خرید جواب دے گئی ہے۔ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کی کار کردگی کا زمین بوس ہوتے گراف کا اندازہ اس بات سے لگائی جاسکتی ہے کہ قوم کے نوے فیصدافرادنے اظہار رائے ان کی مخالفت میں اور دس فگر سے بھی کم رائے ان کے حق میں دی ہے۔ملکی تاریخ میں اس سے بڑھ کر بری طرح فلاپ ہونے والی حکومت کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ بلوچستان میں حکومت کی کوئی خاص کا ر کردگی نہیں ہے نہ حکومت کوئی پروگرام دے سکی اور نہ ہی عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے۔ ہم نے اپنے دورِ حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کا جو تیز رفتار سلسلہ جہاں چھوڑ کر آئے تھے یہ سلسلہ وہاں سے آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں