موجودہ حکومت ادارو ں کی بہتری اور گڈ گورننس کیلئے اقدامات کررہی ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان,وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ادارو ں کی بہتری اور گڈ گورننس کیلئے اقدامات کررہی ہے،مثبت نتائج سامنے آئینگے، ترقیاتی کاموں کیلئے ترجیحات کا تعین ہونا چاہئے، مضبوط ترقی کیلئے اداروں میں روابط بڑھانے ہونگے،ملتان کی ترقی ہمارا فرض ہے،ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی عوام نے ترقی کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو بری طرح مسترد کیا، یہاں کی عوام تحریک انصاف کو بھر پور مینڈیٹ دیا جس کا ہم احترام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ایمپلائز یونین کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان شہر میں سیوریج کا مسئلہ سب سے سنگین مسئلہ ہے، موجودہ بجٹ میں 2ارب روپے سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے رکھوائے، گزشتہ 30برس سے شہر کے سیوریج نظا م پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ واسا کا نظام 30سال پہلے کی ضرورت کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیا گیا تھا۔30سالو ں میں شہر پھیل چکا ہے آبادیاں بڑھ گئی ہیں۔ شہر میں کئی علاقے ایسے ہیں جہاں واٹر سپلائی کی سہولت میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے، واسا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پی ایچ اے ملکر شہر کی حالت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔پی ایچ اے ملازمین کو گزشتہ4ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔جس سے ملازمین کوفت کا شکارہیں۔ملازمین کی کو تنخواہو ں کی ادائیگی کے لئے اعلیٰ حکام سے بات کرونگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں