این اے 265 ضمنی انتخاب، 57 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہ ll میں ضمنی انتخاب کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سمیت 57امید واروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں، جن میں سے 4امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، کاغذ حاصل کرنے والوں میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ذاکر حسین کاسی،پاکستان پیپلز پارٹی کے حاجی علی مدد جتک، ہزار ڈیموکریٹک پارٹی کے محمد رضا نے ریٹرننگ آفیسر سید نذیر احمد حریفال کے پاس کاغذات جمع کرائے ، یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہll کا ضمنی انتخاب 16مارچ 2023کو ہوگا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے جبکہ 9فروری کو کاغذات جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع ہوگی اور 13فروری تک کاغذات کی جانچ پڑتال اورریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں 16فروری تک متعلقہ ایپلیٹ ٹربیونل کے پاس جمع کرائی جا سکیں گی، اور ان اپیلوں پر فیصلہ 20فروری تک کیا جائیگا، 21فروری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری ہوگی، اور 22فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے، 23فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے، 16مارچ 2023کو انتخاب ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں