سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے وزراء اور قوم سلیکٹڈ وزیراعظم سے بیزار ہے، عبدالقادر پٹیل
اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے وزراء سے تنگ ہیں اور قوم سلیکٹڈ وزیراعظم سے بیزار ہے۔ قوم کی بھلائی اس میں ہے کہ عمران خان مستعفی ہو جائیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے وزراء کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ جب فردوس عاش اعوان، شیخ رشید، مراد سعید اور فیض چوہان جیسے بونے آپے سے باہر ہو کر بیان بازی کریں گے تو عمران خان کو صبح صبح ڈوزیئر تو ملے گا ہی۔ قادر پٹیل نے کہا کہ قوم کو اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ وزراء کو ہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں یا چڑیا گھر میں۔ قوم یہ پوچھ رہی ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پارلیمنٹ سے کیوں مفرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعظم کو موبائل فون سے معاملات کا پتہ چلتا ہے تو پھر عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس چھوڑ کر موبائل فون کی کوئی دکان کھولنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مسخروں کی حکومت عوام کے ساتھ مسخرہ پن کر رہی ہے۔