ایکسپورٹ ایکٹ کے نفاذ کا مقصد قانونی تجارت پر قدغن لگانا نہیں، وزارت خارجہ

کوئٹہ :منسٹری آف فارن افیئرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن حافظ واصف محمود نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ ایکٹ کے نفاذ کا مقصد قانونی تجارت پر قدغن لگانا نہیں بلکہ اس کا مقصد ان اشیا اور آلات کا ایسے ممالک اور افرادکو امپورٹ اور ایکسپورٹ روکنا ہے جن پر ان اشیا اور آلات کو اسلحہ سازی و دیگر تخریبی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا شبہ ہو۔دوہری استعمال والی اور آلات کو برآمد کرنے کےلئے وزارت خارجہ سے اس کا لائسنس لینا ضروری ہے لائسنس و دیگر کےلئے ون ونڈو پروگرام پر کام کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کو دوہری استعمال کے حامل اشیا و آلات سے متعلق نافذ العمل اسٹریٹیجک ایکسپورٹ ایکٹ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے انہیں چیمبر آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پالیسی سازی سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنا جائے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ دوہری استعمال والے آلات کی ایکسپورٹ کےلئے لائسنس و دیگر بارے ون ونڈو کی سہولت دی جائے حکومت اور وزارت خارجہ ہسپتالوں اور دیگر میں استعمال ہونے والے آلات اور کیمیکل کے امپورٹ کےلئے ایکسپورٹرز کی مدد کرے۔اس موقع پر وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز برائے ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن حافظ واصف محمود اور ذیشان خالد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹریٹیجک ایکسپورٹ ڈویژن کا مقصد پالیسی سازی اور ڈبل یوز ایکوپمنٹ سے متعلق نافذ العمل ایکٹ پر عمل درآمد کرانا ہے دوہری استعمال کے حامل اشیا اور آلات کی ایکسپورٹ کےلئے وزارت خارجہ سے لائسنس لینا پڑتی ہے تاکہ مذکورہ آلات اور اشیا پر امن مقاصد کےلئے استعمال ممکن بنایا جاسکے اگر اس کے باوجود بھی ایکسپورٹ ہونے والے آلات اور اشیا اسلحہ سازی اور دیگر تخریبی مقاصد کے لیے استعمال ہوا تو پھر ایکسپورٹر کو قید اور جرمانہ کی سزائیں ہوں گی انہوں نے کہا کہ دوہری استعمال کے حامل اشیا اور آلات کی لسٹ نیو کلیئر گروپ،میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول ریجن اور آسٹریلیا گروپ کی جانب سے دئیے جانے والی لسٹ میں شامل اشیا اور آلات کو شامل کیا جاتا ہے اور اس کنٹرول لسٹ کو ری نیو بھی کیا جاتا ہے ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹیجک ایکسپورٹ ایکٹ کا مقصد ڈبل یوز ایکوپمنٹ کی قانونی اور پر امن مقاصد کے لیے استعمال کی راہ میں روڑے اٹکانا نہیں بلکہ اسے ان لوگوں کی پہنچ سے دور رکھنا ہے جو ان اشیا اور آلات کو اسلحہ سازی اور تخریبی مقاصد کےلئے برائے کار لانا چاہتے ہیں ان اشیا اور آلات کی تفصیل GETکی ویب سائٹ پر موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کو آج دئیے جانے والی بریفنگ کا مقصد بھی انہیں ان اشیا اور آلات کی ایکسپورٹ اور امپورٹ میں محتاط اور لائسنس لینے بارے آگاہ کرنا ہے تاکہ انہیں بعد ازاں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی تجاویز اہمیت کی حامل ہے اور انہیں ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لائسنس کے اجرا اور دیگر بارے ون ونڈو کی سہولت کے پروگرام پر کام جاری ہے تاکہ صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کو مشکلات کا سامنا نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں