صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کی وفاقی وزیر شفقت محمود سے ملاقات

اسلام آباد  صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات میں صوبائی سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن غلام علی بلوچ، صوبائی سیکرٹری کالجز، ہائیر ایجوکیشن ہاشم غلزئی بھی شریک ملاقات میں وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا بلوچستان میں تعلیم کی بہتری کے لئیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور سمیت صوبے کی تعلیمی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو بلوچستان میں تعلیمی صورتحال اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے صوبے میں تعلیمی ترقی کیلیے اپنے مکمل تعاون اور وفاق کی جانب سے تعاون کی یقین دھانی کروائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے کی پسماندگی اور محرومیوں کے ازالے کیلیے تمام آپشن بروئے کار لائے جائیں گے۔ وفاقی حکومت تعلیم سمیت تمام شعبوں کی ترقی کیلیے تمام اکائیوں سے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم یار محمد رند نے وفاقی وزیر سے صوبے کے تعلیمی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اس کی زیادہ تر آبادی کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے لہذا حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کی نئی نسل کو تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکتا جب تک وہ تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر نہیں رکھتے۔ حکومت کو اس بات کا احساس ہے اور اسی خاطر تعلیمی اداروں اور محکموں کو فعال بنا کر صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں