بلوچستان اور وفاق کے درمیان خلیج بڑھتی جارہی ہے ، ڈاکٹر مالک بلوچ

تربت (نمائندہ انتخاب) کیچ کے سیاسی کلچر کو خراب کرنے کی ہرگز کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ کیچ قوم پرست سیاست کا مضبوط مورچہ رہا ہے عوام کے حق حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں۔ ووٹ کے تقدس کو ہر صورتحال بحال رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوشک تربت میں سینئر رہنماو¿ں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انھوں نے کہاکہ گیارہ جولائی کو شہید مولابخش دشتی اور قاضی غلام رسول بلوچ کی یاد میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے عوام اور کارکن بڑی تعداد میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہاکہ بلوچستان میں غیر سیاسی کلچر کو پھیلانے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے بلوچستان کے سیاسی اور قوم پرست جمہوری سیاست کو متاثر کرنے کے لیے منصوبہ بند انداز میں صف بندی کی جا رہی ہے تاکہ بلوچستان کے جمہوریت پسند قوم پرست قیادت کے سامنے رکاوٹیں پیدا کی جائیں 2018 کے عام انتخابات میں بھی یہی کیا گیا ٹھپہ مافیا کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا پارلیمنٹ کو غیر موثر بنا دیا گیا اور بلوچستان میں کھٹ پتلی حکومت قائم کئے گے۔ کمزور اور ناتواں حکومتوں کی کارکردگی اور عوام دشمن پالیسیوں کے سبب بلوچستان اور وفاق پاکستان کے درمیان موجود خلیج روز بہ روز بڑھتا جارہا ہے اب بھی حکمرانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا تو اس کی بہت بڑی قیمت چکانی ہوگی۔ پروگرام سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سکریٹری جنرل جان محمد بلیدی، جسٹس ریٹائرڈ شکیل احمد بلوچ، منظور گچکی، حاجی فداحسین دشتی، کہدہ محمد اکرم دشتی، بی ایس او کے چیئرمین بوھیر صالع محمد، یونس جاوید بلوچ، خلیل نصیر بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں