وزیراعلیٰ بلوچستان نے سول سروس ریفارمز اور فیلڈ آپریشن آفیسرز کی تنخواہیں سول سیکرٹریٹ کے مساوی کردیں
کوئٹہ (این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے بلوچستان سول سروس ریفارمزاورفیلڈ آپریشن آفیسرز کی تنخواہوں کو سول سیکرٹریٹ کے مساوی کرنے کی منظوری دے دی۔ منگل کو وزیراعلی بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے صوبائی کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کے فیصلوں کی سفارشات کی توثیق کر دی ۔ وزیراعلی بلوچستان نے بلوچستان سول سروس ریفارمز ،فیلڈ آپریشن آفیسرز کی تنخواہوں کو سول سیکرٹریٹ کے مساوی کرنے ،بلوچستان کے ریونیو، انتظامی ڈھانچے میں بھی ریفارمز ،تحصیلدار کیڈر سے دو بار کی بجائے ایک بار ڈیپارٹمنٹل امتحان دینے اورریونیو سٹاف کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے ۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بز نجو نے کہا کہ گڈ گورننس کے لئے ضروری ہے کہ بی سی ایس اور بی ایس ایس کیڈر کے افسران کو ایک جیسی طرز پر رکھا جائے،تمام ملازمین و افسران ریاست کی مشینری ہیںخدمت کے جذبے سے سر شار افسران کو آگے آنے کا موقع ملنا چاہیے عوامی خدمت کے جزبے سے سرشار سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لئے کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔وزیراعلی بلوچستان کا وژن صوبے میں سروس کی کوالٹی میں بہتری اور گڈ گورننس کا نفاذ ہے۔


