اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ، تشدد

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کامسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر حملہ بربریت کا ثبوت ہے ۔مقبوضہ بیت المقدس شہر میں مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کے قریب قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے نمازیوں پر بد ترین تشدد پر حماس نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ قابض فوج کا باب الاسباط میں عبادت کرنے والے معصوم فلسطینی نمازیوں پر پر حملہ ایک سنگین جارحیت اور اس کی بربریت، نازی ازم اور عبادت گاہوں کے خلاف جارحیت کا ثبوت ہے۔ دشمن فوج نے نہتے نمازیوں پر حملہ کرکے اپنی بزدلی کا ایک بار پھر ثبوت پیش کیا ہے۔حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ حملہ فسطائی حکومت کی جانب سے مسجد اقصی میں نماز ادا کرنیوالے مسلمانوں کوبراہ راست نشانہ بنانے کی صیہونی ریاستی پالیسی کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسند حکومت کی طرف سے چھیڑی جانے والی مذہبی جنگ نمازیوں کے خلاف وحشیانہ جارحیت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ واضح ہوتی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں