کسی تاجر تنظیم نے انتخابات میں تاخیر کرنے کی بات نہیں کی، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کے التوا پر میری کوئی رائے نہیں، آج کی تاریخ میں الیکشن کی راہ میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی، الیکشن کا ماحول بالکل نظر آ رہا ہے، کسی تاجر تنظیم نے انتخابات میں تاخیر کرنے کی بات نہیں کی۔ نجی نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر جلسے کرنے یا کنونشن کرنے پرکوئی اعلانیہ پابندی نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن ورکرز کنونشن کر رہے ہیں، تاہم جے یو آئی ف کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سنجیدہ تھریٹ ہیں، آصف علی زرداری نے شناختی کارڈ کے حوالے سے جو نکتہ اٹھایا اس میں بھی وزن ہے، متعلقہ اداروں کو اس معاملے کو دیکھنا چاہیئے، میرا پہلا کام سکیورٹی کے مسائل کو دور کرنا ہے، ہم سکیورٹی کے مسائل حل کریں یا میڈیا پر جو گفتگو ہے اس کا جواب دیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ سب پرامن طور پرالیکشن میں شامل ہوں۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ صدر پاکستان، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر ہیں، صدر کی طرف سے ریاستی امور پر کوئی رکاوٹ کا سامنا نہیں، 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے یہ انویسٹی گیشن کرنے والوں کا کام ہے، سابق وزیر اعظم نے سائفر کو لہرا کر اپنا سیاسی بیانیہ بنایا، سائفر کو بالکل نہیں لہرانا چاہیے تھا، فوجی عدالتوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو اصولی جیت کہوں گا، عدالت عظمیٰ کا مشکور ہوں انہوں نے معاملے کا ادراک کیا، جنہوں نے حساس تنصیبات پر حملہ کیا ان کا فوجی عدالتوں میں کیس چلنا چاہیے، جنہوں نے نعرے لگائے ان کے سویلین کورٹ میں کیس چلنے چاہئیں۔نگران وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تخریب کاروں کے ساتھ مذاکرات نہیں کیے جا سکتے، کسی صورت تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، افغان سرزمین سے تخریب کاری کی کارروائیاں ہو رہی ہیں، حملے کہاں سے ہو رہے ہیں افغان حکومت اور ہمیں علم ہے، افغان عبوری حکومت کا تعاون پاکستان کی امیدوں سے کم رہا ہے، چیلنجز ضرور ہیں لیکن یہ جنگ ہم جیتیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں