عمران خان کورونا سے نمٹنے کے اقدامات کو سبوتاژ کر رہے ہیں‘مولابخش چانڈیو

لاہور: پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کورونا سے نمٹنے کے اقدامات کو سبوتاژ کر رہے ہیں، سندھ اور دیگر صوبائی حکومتیں لاک ڈاؤن کر رہی ہیں وزیراعظم مخالفت کر رہے ہیں؟ وزیراعظم صاحب آپ کا منصب قوم کی قیادت کرنا ہے انتشار پھیلانا نہیں،اگر وفاقی حکومت کو اس وبا کی سنگینی کا بھی احساس نہیں تو اللہ ہی حافظ ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے خطاب نتیجہ سوائے قوم کو افراتفری کے طرف دھکیلنے کے علاہ کچھ نہیں۔ بیرون ملک سے آئے لوگوں کے علاہ اب اندرونی پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے، خان صاحب خدا کے واسطے قیادت نہیں کر سکتے تو خاموش رہیں صوبوں کو کام کرنے دیں، خان صاحب آپ کو غریبوں کی فکر ہوتی تو مہنگائی نہ کرتے،اٹھارہ ماہ میں لوگوں سے روزی روٹی چھیننے والے وزیراعظم اب کہتے ہیں کہ انہیں غریبوں کا احساس ہے، یہ وقت ہے کہ سب ملکر اس وبا سے نمٹنے کیلئے ایک صف میں کھڑے ہوں۔انہوں نے کہاکہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے سیاست کو بالائے طاق رکھ دی ہے وزیراعظم صاحب آپ بیشک ان اقدامات کا کریڈٹ لیں مگر رکاوٹ نہ ڈالیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں